|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2016

صحبت پور:  صحبت پور پولیس تھانہ ملگزار کے گاؤں عید محمد بگٹی میں سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ ملگزار کے علاقے گوٹھ عید محمد بگٹی میں بچے کھیل رہے تھے کہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے اور زور دار دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں آٹھ سالہ اعجاز ولد خان جکھرانی اور نو سالہ آسیہ ولد عبدالباقی جکھرانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر صحبت پور زین العابدین انصاری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ایف سی و پولیس طلب کی ۔ پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد دونوں معصوم بچوں کی لاشیں ورثا ء کے حوالے کردی ۔ علاقے کی ناکہ بندی کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر کے علاقے کو سر چ کروانے کے بعد عام آدمیوں کیلئے کھول دیا ۔ڈپٹی کمشنر صحبت پور زین العابدین انصاری نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس طرح کے واقعات کرنے والوں کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں چین سے بیٹھنے نہیں دیا جائے گا ۔ملزمان چائیے جتنا بھی دور بھاگے وہ قانون کے پنجے میں ضرور آئینگے ۔ انہوں نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان نا معلوم ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے انہیں فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔