|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

نوکنڈی: آئی جی ایف سی (ساؤتھ) بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کے قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مقامی آبادی اور علاقائی معتبرین کا تعاون نہایت اہم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار تفتان رائفلز نوکنڈی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی معاملات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا کہ ایف سی بلوچستان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید بہتر بنانے اور انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

 

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔اس موقع پر علاقائی معتبرین نے آئی جی ایف سی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ امن و امان کے قیام، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

 

معتبرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علاقے میں امن برقرار رکھنے اور نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں جرگے میں بریگیڈیئر تفتان رائفلز عامر خلیل، ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی ، ایس پی چاغی محمد علی کاسی، ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالودود خان سنجرانی، سابق صوبائی وزیر سخی میر امان اللہ نوتیزئی، سابق یوسی چیئرمین حاجی عرض محمد بڑیچ سمیت دیگر علاقائی معتبرین بھی شریک تھے اس دوران آئی جی ایف سی نے سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا اور سرحدی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *