|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2016

کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار اسسٹنٹ اکاؤنٹنٹ آفیسر خالق آباد سلیم شاہ کو 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے۔گزشتہ روز سلیم شاہ کو احتساب عدالت کوئٹہ میں پیش کیاگیا تو کیس کے تفتیشی آفیسر نے اسپیشل پراسیکیوٹر ضمیر احمد چھلگری اور راشد زیب گولڑہ کے توسط سے عدالت کے سامنے درخواست گزاری جس میں کہاگیاتھاکہ نیب کی جانب سے میگا کرپشن کیس میں نامزد ملزم سلیم شاہ کو 16جون کو سندھ کے شہر حیدرآباد سے حراست میں لیکر نیب عدالت میں پیش کرکے ان کا 7روزہ سفری ریمانڈ حاصل کیاگیا ملزم نے کئی بینک اکاؤنٹس اور میگا کرپشن کیس کی رقم سے اثاثہ جات سے متعلق انکشافات کئے ہیں اس لئے عدالت ہذا سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ملزم کا 15روزہ جسمانی ریمانڈ دیں جس پر عدالت نے ملزم کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کو 4جولائی تک کیلئے ملتوی کردیا۔یاد رہے کہ ملزم سلیم شاہ کے علاوہ کیس میں نامزد سابق مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو ،سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمدرئیسانی ،ٹھیکیدار عبدالمجید شاہ ،اسد شاہ ،ندیم اقبال اوردیگر پہلے سے ہی بلوچستان میگا کرپشن کیس میں نیب حکام کی تحویل میں ہیں جن سے تفتیش کاسلسلہ جاری ہے ۔میگا کرپشن کیس کاانکشاف اس وقت ہوا تھا جب نیب حکام نے مشتاق احمدرئیسانی کے گھر پر ریڈ کیاتھا ریڈ کے دوران سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمدرئیسانی کے گھر سے65کروڑروپے سے زائد کے پاکستانی وغیر ملکی کرنسی سمیت سونا،باؤنڈز اوردیگر سامان ملا تھا جس کے بعد نیب حکام نے مشتاق احمدرئیسانی کو حراست میں لیکر تحقیقات کو وسعت دی تھی اور بعدازاں دیگر ملزمان کو بھی حراست میں لے لیاگیاتھا۔