|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے منگل کے روز یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران سابق صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور کھوسہ ، کھوسہ قبائل کے دیگر معتبرین اور مسلم لیگ کے صوبائی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے میر سلیم خان کھوسہ کی مسلم لیگ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میر سلیم خان کھوسہ کی مسلم لیگ میں شمولیت ایک اہم پیشرفت ہے وہ ہمارے بازو بنے ہیں اور ان کی شمولیت سے ضلع صحبت پور میں مسلم لیگ(ن) مزید مضبوط ہوگی انہوں نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے اور آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ اکثریتی پارٹی بن کر حکومت بنائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھوسہ قبائل کی سیاسی اور قبائلی حیثیت ہے جنہوں نے ہمیشہ شرافت اور رواداری کی سیاست اور قبائلی روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے کھوسہ قبائل سے ان کے دیرینہ مراسم ہیں میر نبی بخش کھوسہ اور ان کے والد کے درمیان بہترین رفاقت تھی اور دونوں نڈر اور دلیر لیڈر تھے صوبے کی ترقی حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صحیح معنوں میں ایک عوامی اور جمہوری حکومت ہے اپنے عوام کیلئے ہم سے جو کچھ ہوسکا ضرور کریں گے ۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو صوبے میں پھیلادیاگیا ہے جس میں بلا تفریق ہر ضلع کو یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے دےئے گئے ہیں اور اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی کوئی تخصیص نہیں رکھی گئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہم بلوچستان کے غیور عوام کو صحت ،تعلیم اور آبنوشی کی سہولتیں دے سکیں تو یہ بڑا کام ہوگا ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ ہم عوام کی خدمت کریں ہم نے ایک اچھے بجٹ کی بنیاد رکھ دی ہے آئندہ آنے والے بھی ہمارے نقش قدم پر چل کر بجٹ بنائیں گے تو یقیناًصوبہ ترقی کرے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام غریب عوام میرے دل کے قریب ہیں اور میں نصیر آباد کے لوگوں کو بھی دل سے چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر ضلع ترقی کرے اور عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچیں اس موقع پر میر سلیم خان کھوسہ اور میر ظہور خان کھوسہ نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھوسہ قبائل پر ہمیشہ نواب ثناء اللہ خان زہری کا دست شفقت رہا ہے اور صوبے کی ہمہ گیر ترقی کیلئے وزیراعلیٰ کی کوششیں قابل تعریف ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت صوبے کی ترقی اور امن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے اور آئندہ مالی سال کیلئے عوام دوست بجٹ دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے اسلام آباد میں اپنے بھرپور موقف کا اظہار کررہے ہیں جس سے عوام میں مایوسی کا خاتمہ ہورہا ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈویژن اور ضلعوں کی ترقی کیلئے خطیر فنڈز کا مختص کیا جانا ایک مثبت پیشرفت ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔