|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2016

کوئٹہ : ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکز ی بیان میں پارٹی چیرمین عبدالخالق ہزارہ کے بڑے بھائی مائن اونر ٹھیکیدار عبدالعلی اور مزدور خان محمد اورصمد(samad) کو گذشتہ روز دن دہاڑے اغوا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کو دوپہر ایک بجے کے قریب ٹھیکیدار عبدالعلی کو ان کے ڈرائیور اور مزدور کے ساتھ ریگل پلازہ جناح روڑ میں واقع ان کے دفتر سے درجن کے قریب مسلح افراد اغواء کرکے لے گئے جب کہ ڈرائیور اور مزدور کو سپزنڈ کے علاقے تیرہ میل میں چھوڑ کر ٹھیکیدار عبدالعلی کو اپنے ساتھ لے گئے دن دہاڑے درجن بھر مسلح افراد کا شہر کی اہم شاہراہ سے عمر رسیدہ شہری کا اغواء نہ صرف تشویشناک بلکہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے سوالیہ نشان اور لمحہء فکریہ ہے بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ کئی ماہ سے بلوچستان بطور خاص کوئٹہ شہر میں اغواء اور بدامنی کی نئی لہر شہر کے حالات خراب کرنے کی نئی سازشوں کا حصہ ہے جسکے تحت ایک مرتبہ پھر شہر کے کاروباری امن کو خرا ب کرکے شہریوں کو اغواء کاروں اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑنا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ قوم کے افراد پر گذشتہ ٖڈیڑھ دہائی سے عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے 2000 کے قریب ہزارہ فرزندوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنا کر نسل کشی کا نشانہ بنایا گیا شہر میں ہزار ہ قوم کے تاجروں پر کاروبار ، اعلی تعلیمی ادارو ں میں ہزارہ طلباء و طالبات پر تعلیم کے دروازے بند کرکے ہزارہ قوم کی قومی سماجی اور اقتصادی نسل کشی کی گئی بدترین ظلم و ستم اور دہشت گردی سہنے کے باوجود ہزارہ قوم نے مہذب قوم کی حیثیت سے رواداری بھائی چارے اورباہمی احترام اور قانون کی پاسداری کو نہ صرف اپنا شیوہ بنایا بلکہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہزارہ قوم کی نمائندہ اور بلوچستان کی زمہ دار سیاسی جماعت کی حیثیت سے ہر صوبائی اور قومی فورم پر امن رواداری بھائی چارہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کیا۔