|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2016

کراچی:  وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈشپنگ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ نئے بحری جہازوں پر ٹیکس کے خاتمہ سے پاکستان میں نئے بحری جہاز آئیں گے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، گزشتہ 15سالوں سے شپنگ لائن پر ٹیکس کی وجہ سے کوئی کسی نئے جہاز کا اضافہ نہیں ہوا اور نہ ہی غیرملکی شپنگ کمپنیوں کے جہازوں کی پاکستان میں رجسٹریشن ہوئی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ’ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کا مسئلہ کافی عرصے سے کھٹائی میں پڑا ہوا تھا،موجودہ حکومت نے اس پر تیزی سے کام شروع کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ آئندہ سال مارچ، اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔ گوادر کو پانی مہیا کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت نے اس حوالے سے کام شروع کر دیا ہے اور اس کے علاوہ ہنگول ڈیم سے گوادر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کیلئے چین سے بات کی جائے گی کیونکہ ہنگول ڈیم ایک بڑا ڈیم ہے اس سے بلوچستان میں 20سے25ہزار ایکڑ زمین بھی کاشت کی جا سکے گی جس سے مقامی آبادی کو بھی فائدہ پہنچے گا۔