|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ڈبل روڈ پر سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کارفرما دہشت گرد تنظیمیں سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کر کے خوف و ہراس پیدا کرنا اور ہمارے سیکورٹی اداروں کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہیں تاہم ان ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کے نتیجے میں صوبے میں امن قائم ہوا ہے جسے دوبارہ سے تباہ کرنے نہیں دیا جائیگا۔ بعض عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں بدامنی اور دہشت کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں ایسے سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے پولیس ، ایف سی، انٹیلی جنس اداروں اور انتظامیہ کو سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور اور مشترکہ کاروائیاں کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کے شہدا کے درجات کی بلندی کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے جبکہ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہا ر بھی کیا ہے۔درین اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کوئٹہ شہر بھر میں سیکورٹی کیمروں کی تنصیب اور پراجیکٹ میں شامل دیگر اقدامات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے واضح رہے کہ کوئٹہ سیو سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر کے تمام علاقوں میں چودہ سو سے زائد کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکینر کی تنصیب کے علاوہ دیگر اقدامات بھی شامل ہیں اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ سیو سٹی پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کی نشاندہی اور گرفتاری ممکن ہوسکے۔