|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2016

شدید بارشوں کے باعث لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ گزشتہ رات لاہور میں ہونے والی شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ ٹرانسفارمرز جلنے اور فیڈر ٹرپ ہونے سے گلبرگ جیسے پوش علاقے سمیت کئی علاقوں میں رات سے ہی بجلی غائب ہے۔ لاہور کے علاقے بند روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 4 سے 10 سال کے درمیان ہیں، مصطفی ٹاؤن میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے جب کہ شمع اچھرہ کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا۔