|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2016

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سرداریارمحمد رند کو پی ٹی آئی بلوچستان کاصوبائی صدر مقررکردیاہے جس کاباضابطہ اعلان جمعرات کوپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیرخان ترین نے نوٹیفکیشن جاری کرکے کردیا۔پاکستان تحریک انصاف سینٹرل سیکرٹریٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بلوچستان کے صوبائی آرگنائزرسرداریارمحمد رند کوپارٹی کاباقائدہ صوبائی صدر مقررکردیاہے جس کے بعد صوبائی صدر نے بلوچستان میں تمام سطح پرآرگنائزنگ باڈیز تحلیل کردی ہیں اورجلدہی صوبائی کابینہ سمیت ڈویژنل ،ضلعی ،میونسپل کارپوریشن ٹاؤن کمیٹیز کی باڈیز کااعلان کیاجائے گا۔جمعرات کو اسلام آباد میں بلوچستان پارٹی کے امورسے متعلق اجلاس میں مرکزی قائدین نے صوبائی آرگنائزر سرداریارمحمد رند کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے مختصر عرصہ میں پی ٹی آئی کوبلوچستان میں فعال کرنے اوردیگرپارلیمانی نمائندگی کے حامل شخصیات کی پارٹی میں شمولیت سے متعلق عندیہ دینے پراطمینان کااظہارکیا۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیرخان ترین نے واضح کیاکہ پی ٹی آئی بلوچستان میں کوئی متوازی ڈھانچہ نہیں بلکہ سردار یارمحمد رند بااختیار صوبائی سربراہ ہیں اوران کی قیادت میں پارٹی فعال ومنظم ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اورخلاف ضابطہ امور میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔درایں اثناء جمعرات کوپی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یارمحمدرند نے بنی گالہ اسلام آباد میں عمران خان سے طویل ملاقات کی اورصوبے میں پارٹی امورسمیت پی ٹی آئی کی ملک گیراحتجاعی پروگرامز پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرعمران خان نے بلوچستان میں پارٹی کی فعالیت پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے سرداریارمحمدرند کی کارکردگی کوسراہا عمران نے کہاہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی ایوان میں ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے ایوانوں میں بھی بلوچستان کے عوام کی بھرپورنمائندہ جماعت بن کرسامنے آئے گی ۔