|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2016

 اسلام آباد: گزشتہ دنوں مرمت کے لیے جانے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کے بعد افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے عملے کو بازیاب کراکے پاکستان پہنچادیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو افغانستان سے بازیاب کروالیا گیا ہے جب کہ تمام مغویوں کو بحفاظت پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کےلیے طالبان سے بات چیت جاری تھی اور گزشتہ رات ہی عملے کو بازیاب کروایا گیا ہے  جب کہ افغان حکومت نے بھی عملے کی بازیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے میں شامل 5 پاکستانی اور ایک روسی کو افغانستان سے پاکستان پہنچا دیا گیا ہے لیکن انہیں باضابطہ طور پر حکومت کے حوالے نہیں کیا گیا صرف اس بات کی آگاہی دی گئی کہ عملہ افغانستان سے پاکستان پہنچ چکا ہے لہذا ابھی سرکاری طور پر ساری تفصیلات جاری نہیں کی جاسکتی ہیں۔ واضح رہے 4 اگست کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17  مرمت کے لیے روس جارہا تھا کہ اس دوران افغانستان کے صوبے لوگر میں ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی اس دوران ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا لیکن عملہ محفوظ رہا جسے طالبان نے اپنی تحویل میں لے کر بیان جاری کیا تھا کہ حالات سازگار ہوتے ہی عملے کی رہائی کردی جائے گی۔