کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ متحدہ قائد نے پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگا کر ملک کی مخالفت میں ساری حدیں پار کردیں اور آج کراچی کی خراب صورتحال الطاف حسین کے اشتعال اور نفرت انگیز تقریر کا نتیجہ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کی کشیدہ صورتحال متحدہ قائد کی اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت کا نتیجہ ہے، قائد ایم کیو ایم نے آج پھر ’’را‘‘ سے مدد مانگی ہے، وہ بھارت سے پیسے لے کر پاکستان کے خلاف کام کررہے ہیں انہوں نے پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگا کر کارکنوں سے بھی لگوایا، الطاف حسین نے ملک کی مخالفت میں تمام حدیں پار کردی ہیں، آج پاکستان کے لیے سیاہ ترین دن ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مارچ سے آج تک ایم کیوایم کے بارے میں جو بھی کہا صحیح ثابت ہوا، ایم کیو ایم کے قائد کو مایوسی، تباہی اور لاشیں چاہیئں جب کہ نسلیں تباہ ہونے کے بعد بھی اس شخص کا خون پینا بند نہیں ہوا، حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سے اپیل ہے کہ اردو بولنے والوں اور اس شخص کو الگ الگ کیا جائے، یہ قوم اس کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قائد چاہتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کی کمیونٹی پر ٹینک چڑھا دیں جب کہ انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ اور آرمی چیف کو بھی برا بھلا کہا، ججوں کو بھی سولی پرچڑھانے کا کہا، مہاجروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ اب کیا ثابت ہونا باقی رہ گیا ہے۔
پی ایس پی چیرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم بھوک ہڑتال کا ڈرامہ رچا رہی ہے، اتنے روز سے بھوک ہڑتال کرنے والوں میں سے کسی کو کچھ نہیں ہوا، بھوک ہڑتال صرف ایک ڈرامہ ہے۔