|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2016

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا چینلز پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جو دہشت گردوں کا منصوبہ تھا جب کہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز آنے کا اعلان کرنے والوں کو دیکھ لیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مختلف ٹی چینلز کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے میڈیا پر حملے کا ماحول پیدا کیا اس کی مذمت کرتے ہیں جب کہ میڈیا پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جو دہشت گردوں کا منصوبہ تھا اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن سے ٹیلی فون پربات کی جب کہ انہوں نے بھی کہا ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل رینجرز ہیڈ کوارٹر یا وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس آنے والوں کو دیکھ لیں گے۔ دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن پورے ملک کا امن ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے جب کہ امن وامان کا مسئلہ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ادھر مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پرتشدد واقعات کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان نے نجی ٹی وی چینلز کا گھیراؤ کیا اس دوران پولیس سے جھڑپ میں 3 افراد زخمی ہوئے جب کہ پولیس موبائل سمیت 2 موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگائی گئی۔