|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2016

کراچی: ایم کیو ایم کے وسیم اختر اور ارشد وہرا نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کا حلف اٹھالیا۔ میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کی تقریب کراچی کے باغ جناح المعروف پولو گراؤنڈ میں منعقد کی گئی جس میں میئر وسیم اختر اور ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ  نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ، وسیم اختر کو حلف برداری کے لیے پولیس کی خصوصی بکتر بند گاڑی میں سینٹرل جیل سے پولو گراونڈ لا یا گیا۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ سیاسی و سرکاری شخصیات، ایم کیو ایم کے رہنما اور میئر و ڈپٹی میئر کے اہل خانہ نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ وسیم اختر ان دنوں بعض مقدمات کے باعث جیل میں ہیں اور انہوں نے جیل سے ہی کراچی کے میئر کا الیکشن لڑا جب کہ وسیم اختر نے مطالبہ کیا ہےکہ حلف اٹھانے کےبعد صوبائی حکومت قانون سازی کرکے انہیں ضمانت پر رہا کروائے یا پھر انہیں معاملات چلانے کے لیے جیل میں دفتر کھلواکردیا جائے۔