|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2016

اسلام آباد:وزرات داخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام پر دہشتگردوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں اپنی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے وزرات داخلہ کو رپورٹ ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور دہشتگردوں کی کوشش ہے کہ ملک میں اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بنایا جائے۔رپورٹ میں جن رہنماؤں پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام شامل ہیں۔وزرات داخلہ نے انٹیلی جنس رپورٹ صوبوں کے محکمہ داخلہ اور پولیس سربراہان کو ارسال کرتے ہوئے مذکورہ رہنماؤں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔