کوئٹہ ،چمن ،کراچی،مہمندوخیبرایجنسیز، پشاور ،بنوں: نیشنل ایکشن پلان اور کومبنگ آپریشن کے دوران ملک بھر سے 150 سے زائد دہشت گردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ، جن میں کرسچن کالونی حملے کے 4مبینہ سہولت بھی شامل ہیں، متعدد بم ناکارہ بناکر کوئٹہ اور صوابی کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا،بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا جبکہ مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا۔ملک بھرسے آن لائن کو موصولہ اطلاعات کے مطابق چمن میں کومبنگ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیئے۔ چمن کے علاقے گلدارہ باغیچہ میں سیکورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران تین دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا گیا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی۔ گیس پائپ لائن اور سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب سے 2 بم برآمد ہوئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔ صوابی کے علاقے ملک آباد میں بھی سرچ آپریشن کے دوران دو بم برآمد کرلئے ، بم ڈسپوزل سکواڈ نے دونوں بم ناکارہ بنا دیئے۔ بم ناکارہ بنائے جانے کے واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 36مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ۔ادھر مردان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں سے سکیورٹی فورسز نے 20مشکوک افراد کو گرفتار کیا ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے کومبنگ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے تینوں مشتبہ افراد کوتفتیش کیلیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن مہمند ایجنسی کے سرحدی علاقے کورونہ میں کیا گیا، جہاں سے ورسک میں کرسچین کالونی میں حملہ کرنیوالوں کے 4مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔گرفتار سہولت کاروں میں شاہد، اعجاز، ضیاء الرحمان اور ضیاء محمد شامل ہیں ، جنہیں مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔کراچی کے گلبہار کے علاقے جاحی مرید گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا،گھر گھر تلاشی کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے منتقل کردیا۔لانڈھی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں دستی بم ، پستول ، رائفلیں اور دیگر چھوٹے ہتھیار شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں، جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔دوسری جانب محمود آباد چنیسر گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خفیہ اطلاعات پرسرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 5 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعیدآباد میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 20 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا،آپریشن میں بلدیہ ٹاؤن کے تمام تھانوں کی نفری نے حصہ لیا۔قانون نافذ کرنے والے ادروں نے مہمند ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، تحصیل صافی کے علاقے چمر کنڈ میں آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی، دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔ ادھر بنوں میں بھی فورسز نے ڈومیل کے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والے افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس میں درجن بھر کلاشنکوفیں ، متعدد رائفلیں ، دھماکہ خیز مواد و دیگر چھوٹے ہتھیار شامل ہیں۔جمرود کے علاقے ملا گوری کے نواح میں کارروائی کی اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ، دہشت گرد گزشتہ روز زخمی حالت میں فرار ہو ا تھا جس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت عمر خان کے نام سے ہوئی ہے جو دہشت گردی اور تحریب کاری کے مختلف مقدما ت میں نامزد تھا جس نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اس کے دیگر دو ساتھی فرا ر ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پراس کے ساتھیوں کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔سکیورٹی فورسز نے اس دوران مختلف علاقوں سے 10افراد کو بھی حراست میں لے لیا ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتارشدگان مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور اگر ان میں کوئی بے گناہ ثابت ہوا تو انہیں رہا کردیا جائیگا۔