اسلام آباد : وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کے حوالے سے امور پر مشاورت کیلئے 21 ستمبر کو ملک کی اہم سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور چاروں وزرائے اعلیٰ کو شرکت کیلئے دعوت نامے بھیج دیئے ہیں۔ دعوت نامے وفاقی وزیر برائے ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کی جانب سے بھیجے جاچکے ہیں۔ اس حوالے سے آن لائن نے وزارت ریاستوں اور سرحدی امور کے ترجمان ڈاکٹر عمران زیب سے راطہ کیا تو انہوں نے اس مشاورت کی تصدیق کی اور کہاکہ افغان مہاجرین کے امور سے متعلق ان کی جانب سے جو خدشات ہیں اس کا جائزہ لینے کیلئے مشاورتی اجلاس 21 ستمبر صبح گیارہ بجے طلب کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ‘ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ‘ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ‘ جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق ‘ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی‘ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکتر فاروق ستار‘ مسلم لیگ (ف ) کے سربراہ پیر پگاڑہ صبغت اللہ راشدی، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین‘ ومی وطن پارٹی کے صدر آفتاب شیر پاؤ‘ صدر بلوچستان نیشنل پارٹی حامد خان بزنجو ‘ صدر بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل اور صدر قومی عوامی پارٹی ایاز لطیف پلیجو کو دعوت نامے بھیجوا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف جمعہ کے دن وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں مزید تین ماہ کی توسیع کے فیصلہ کے بعد افغان مہاجرین کے امور کے ہوالے سے اہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کر کے تجاویز کو حتمی شکل دے کر وفاقی کابینہ میں پندرہ دنوں کے اندر جمع کرانے کی ہدایات دی تھیں۔ وزیراعظم کی ہدایات کے تناطر میں اس مشاورت کا انعقاد کیا جارہا ہے۔