|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2016

اسلام آباد +لاہور: تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت کے باوجود رائیونڈ آنے کااعلان کردیا، تاہم تاریخ تبدیل کرنے کا عدنیہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مارچ محرم الحرام سے قبل ہوگا، شاہ محمود قریشی کے مطابق سولو فلائٹ نہیں کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دینگے جو احتجاج میں شامل ہونا چاہتا ہے، خوش آمدید کہیں گے ،ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اعلان کے مطابق ہرصورت پرامن رائیونڈمارچ ہوگا،عیدکے بعدہم خیال جماعتوں سے مشاورت کرکے حتمی تاریخ کااعلان کیاجائیگا۔اتوار کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں واضح الفاظ میں بتایا کہ چےئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اعلان کے مطابق رائیونڈمارچ کی جانب پر امن احتجاج کیا جائے گا جو محرم الحرام کے آغازسے قبل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے لیے ہم خیال جماعتوں کوباضابطہ طورپردعوت دیں گے، جبکہ عید کے بعد ہم خیال جماعتوں سے مشاورت کر کے حتمی تاریخ باضابطہ اعلان کیا جائیگا،دریں اثناء تحر یک انصاف کے وائس چےئر مین شاہ محمودقر یشی نے کہا ہے کہ ہم احتجاجی تحر یک میں سولو فلائٹ نہیں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں‘جو ساتھ چلے گا اس کو ویلکم کر یں گے ‘(ن) لیگ احتساب کے راستے پر چلنے کو تیار نہیں اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سواکوئی آپشن نہیں ‘پانامہ لیکس کا معاملہ حل ہوجائے تو احتجاج بھی نہیں ہوں گے ۔ اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقر یشی نے کہا کہ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو پانامہ لیکس کے بعد سے ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں اپوزیشن جماعتیں ایک موقف پر آج بھی قائم ہیں جہاں تک احتجاجی تحر یک اور رائے ونڈ مارچ کا تعلق ہے تو ہم سولو فلائٹ نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں جسکے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے ہو رہے ہیں ، عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید نے تحر یک انصاف کے ’’رائے ونڈ مارچ ‘‘میں شر کت کا اعلان کرتے ہوئے کپتان کا اتحاد ی ہوں انکا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا ‘ ساری اپوزیشن بھی (ن) لیگ سے مل جائے تو رائے ونڈ مارچ نہیں روک سکتی ‘حکمرانوں نے اور اسحاق ڈار نے جب سچ بولا یہ ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا ‘اگر کوئی پیپلز پارٹی کوئی یہ یقین دہانی کرو ادیں نواز شریف کا احتساب ہو گا ،آصف زرداری کا نہیں ہو گا تو وہ کل احتجاجی تحریک کا حصہ ہوں گے ‘ میں اگر اسمبلی میں نہ بھی ہوا تو لال حویلی میں موجود ہوں گا ،اگر نواز شریف نہ ہوئے تو جیل میں ہوں گے ،قوم ان کے خلاف تیار بیٹھی ہے بس انجن لگنے کی دیر ہے،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کو بلا تعطل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ عید کی چھٹیوں کے فوری بعد عمران خان دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے 16ستمبر کو چیچہ وطنی میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان چیچہ وطنی کے ضمنی انتخاب کے جلسے سے خطاب کریں گے۔ چیچہ وطنی میں قومی اسمبلی کی نشست تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نوازکی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ جلسے سے شاہ محمود قریشی، چودھری سرور اور دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ہڑپہ سے چیچہ وطنی شہر تک ریلی بھی نکالی جائیگی۔