|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2016

کراچی:ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا سی ٹی اسکین کلئیر قرار دیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹروں کے پینل نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال انجم رضوی کے مطابق 12 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے فاروق ستار کا مکمل معائنہ کیا جب کہ سی ٹی اسکین اور بلڈ ٹیسٹ کلئیر آنے کے بعد انہیں وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم انہیں آرام کی اشد ضرورت ہے اس لئے انہیں مزید 5 روز اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں فاروق ستار نے 4 سے 5 قلابازیاں کھائیں اور انہیں ظاہری طور پر خراشیں آئی ہیں لیکن نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے وہ تھکاوٹ کا شکار تھے جس کی وجہ سے انہیں نیند کی گولیاں دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ان کی گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں فاروق ستار اور ان کے 3 محافظ شدید زخمی ہوگئے تھے۔