|

وقتِ اشاعت :   September 29 – 2016

اسلام آباد:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان کی صورتحال کو اپنے عزائم کیلئے استعمال کرنے کی کوششیں ترک کردے۔ ہم اپنے مسائل حل کرنے اورا پنے حقوق کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ہمارے اندرونی معاملات میں بھارت کی مداخلت کا کوئی جواز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ موبلائزیشن کمپین کے تحت بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور طلباء و طالبات بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اگر بلوچستان میں پاکستان کے خلاف سو لوگ بھی نکلیں تووہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم پورے ملک کو سنبھالیں ، ہمیں کشمیر کی جنگ بھی لڑنی ہے بلوچستان اور کشمیر میں کوئی موازنہ نہیں ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چند ٹکوں کی خاطر بکنے والے بلوچستان کے وارث نہیں ہیں بلوچستان کے وارث وہ ہیں جنہوں نے ملک اور صوبے کیلئے قربانیں دیں۔بلوچستان میں را کے ذریعے پھیلائی گئی دہشت گردی پر قابو پالیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان ہے۔ پاکستان ہے تو بلوچستان ہے ہم بلوچستان کو پر امن صوبہ بنائیں گے بلوچستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے پورے ملک خصوصاً بلوچستان کی تقدیر بدلے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم مودی اور پاکستان کے تمام مخالفین کو اس تاریخی تقریب کے توسط سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام خاص طور سے نوجوان نسل حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے اور پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ پرجوش تقریب دشمن کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ ہماری قوم خاص طور سے نوجوان متحد ہیں اور دشمن کی تمام سازشیں مکمل طور پر ناکام ہوں گی ہم سب صرف پاکستانی ہیں اور ہمارے درمیان نفاق ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں براہمداغ جیسے بھارتی ایجنٹ کو بلوچستان کے عوام کا کسی طور نمائندہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ مودی کے بلوچستان کے متعلق بیانات بھارت میں پناہ کیلئے براہمداغ کی درخواست اور دیگر واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت را کے ذریعے بلوچستان کی صورتحال خراب کرنے کی سازش کررہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بلوچستان میں کسی بیرونی ایجنٹ کا کوئی ساتھ نہیں دے گا اور ہم تمام جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کو شکست سے دوچار کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب کے ذریعے صورتحال یکسر تبدیل کردی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کیلئے پوری قوم سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر فخر کرتی ہے موجودہ حکومت دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جدوجہد حتمی فتح تک جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے محب وطن اور باصلاحیت نوجوانوں کی موجودگی ہمیں اپنے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی ضمانت فراہم کرتی ہے ہمیں یقین ہے کہ آپ اپنی تمام ترصلاحیتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں کے نوجوان باہمت اور باصلاحیت ہیں ان کے باہمی اتحاد سے قومی آزادی سلامتی اور ترقی کا سفر مزید مستحکم ہوگا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ایک پر امن خوشحال اور پڑھے لکھے بلوچستان کے قیام میں انتہائی سنجیدہ ہے اور خلوص نیت کے ساتھ اس مقصد کے حصول کی کوشش کررہی ہے جن کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام افراد کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج وہ نوجوانوں کے درمیان آکر اپنے اندر نئی توانائی محسوس کررہے ہیں کسی بھی معاشرے میں نوجوان ابھرتے ہوئے سورج کی مانند ہوتے ہیں جن کی طمازت اور روشنی مستقبل کو حرارت اور زندگی بخشتی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلباء و طالبات کے بین الصوبائی دوروں اور مشترکہ تقاریب سے ہم آہنگی اور قوم یک جہتی کو فروغ ملتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے دوسرے صوبوں کے نوجوانوں کے ساتھ میل ملاپ اور رابطوں میں تیزی لائی جائے تاکہ ایکد وسرے کو سمجھ کر قومی یک جہتی کو مستحکم کیا جاسکے۔ تقریب سے انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور کامسٹس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جنید زیدی کے علاوہ طلباء و طالبات نے بھی خطاب کیا۔