|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2016

اسلام آباد: ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔سرجیکل سٹرائیک کا بھارتی دعویٰ جھوٹ کا پلندہ ہے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے تیار ہے اس عزم کا اظہار وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران کیا گیا دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور اس کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی ۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر ہونے والی فائرنگ سے بھی آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے بھارتی سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ اور بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پاک افواج کے جوانوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ اگر بھارت کی جانب سے ایسی حرکت کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا ۔آرمی چیف نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لئے مسلح افواج مکمل تیار ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور پوری قوم کا جذبہ وطن کی حفاطت کے لئے بلند ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہے اور وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ وزیر اعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے دو فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا میں سب سے زیادہ عملی جنگی تجربات رکھتی ہے ‘ جوانوں کی جسمانی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا معیار بلند ہے‘ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے ہر چیلنج کا بلا خوف و خطر مقابلہ کیا ہے۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے چوتھی ینگ سولجر انٹرسنٹرل فیزیکل چیمپئن شپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے مقابلہ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور ان کو تربیت دینے والے ٹرینرز کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے چوتھی ینگ سولجر انٹر سنٹرل چیمپئن شپ کا فائنل بھی دیکھا۔ 22رجمنٹل سنٹرز سے 406 جوانوں نے چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ سپاہی شیراز خان نے تیس منٹ میں 1214 پش اپز لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سپاہی جمشید خان نے چن اپز مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 68 چن اپز لگائے۔ سپاہی اکمل حسین نے سیٹ اپز کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہوں نے 2134 سیٹ اپز لگائے۔ سپاہی محمد آصف کو چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور ٹرینرز کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا میں سب سے زیادہ عملی جنگی تجربات رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ جوانوں کی جسمانی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا معیار بلند ہے پاک فوج کے جوانوں نے ہر چیلنج کا بلا خوف و خطر مقابلہ کیا۔