|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سول ہسپتال میں قائم ٹراما سینٹر کا افتتاح کر دیا ۔ صوبائی وزراء رحمت صالح بلوچ، عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، عبیداللہ بابت، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکریٹری صحت ڈاکٹر عمر بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے، وزیراعلیٰ نے ٹراما سینٹر کے آپریشن تھیٹر، وارڈز ، میڈیسن اسٹور اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا جہاں انہیں ان شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ٹراماسینٹر کی عمارت کی تعمیر پر 132 ملین روپے کی لاگت آئی ہے جبکہ آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں میں طبی آلات کے لیے 320ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، جن کا ٹینڈر ہو چکا ہے اور جلد یہ آلات بھی ٹراما سینٹر میں نصب کر دئیے جائیں گے ان میں وینٹی لیٹر، ایکسرے پلانٹ اور دیگر جدید آلات شامل ہیں، 52بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر میں ڈاکٹرز ، سرجنز اور دیگر طبی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹراما سینٹر میں جنریٹر بھی نصب کر دئیے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر میں تمام آلات کی دستیابی کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر زاور طبی عملہ اپنی ڈیوٹی پر 24 گھنٹے حاضر رہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو سکے۔