|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2016

لاہور: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہورہی ہے ، کاروبار کر نے کا نظام جتنا آسان ہو گا ، اتنی زیادہ سرمایہ کاری ہو گی ،سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری ملکی ترقی و خوشحالی کا عظیم وعالی شان منصوبہ ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار ، خواجہ محمد آصف ، احسن اقبال ، خرم دستگیر، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف، معروف تاجر اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے اور گزشتہ تین سال میں معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کیں ، پاکستان کی معیشت مستحکم ہورہی ہے ، 2013ء کے مقابلے میں آج پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور محفوظ ہے ، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے مزید محنت سے کام کرنا ہو گا ، ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں اور کاروبار کر نے کا نظام جتنا مؤثر ہو گا اتنی ہی ملک میں سرمایہ کاری ہو گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے کاروبار کے لئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ۔سی پیک کے تحت چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کررہا ہے ، سی پیک کے تحت 35ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے اور منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہو جائیگی اور عوام کو بجلی سستی مہیا ہو گی ، سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں گوادر پورٹ اور گوادر ایئرپورٹ بنایا جارہا ہے اور سی پیک منصوبوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے عوام مستفید ہوں گے ،انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی میں خود نگرانی کررہا ہوں ، پاکستان میں آج تک اتنی بڑی سرمایہ کاری کسی اور ملک نے نہیں کی ، سی پیک سے خطے سے انتہا پسندی ، غربت اور بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہو گا۔قبل ازیں وزیراعظم نے گورنرہاؤس میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں کو معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور تاجروں کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ تاجر کسی بھی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کوئی بھی ملک تجارت اور سرمایہ کاری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور ہم تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا جو علاقے کی قسمت بدل دے گا ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک میں شامل میں منصوبوں سے توانائی بحران پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی جس سے کاروبار کو خاطر ترقی حاصل ہو گی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور اس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جبکہ اجلاس کے موقع پر تاجروں نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وزیراعظم کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت نے کئی شعبوں میں بہترین اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔