|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ ( ڈش ریسیورز)کی فروخت اور سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر تمام علاقوں میں غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی فروخت اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر بھر پور طریقے سے کاروائی کی جائے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں چےئرمین پیمراا بصار عالم نے وزیر اعلیٰ سے ہونے والی خصوصی ملاقات میں ان کی توجہ بھارتی ڈی ٹی ایچ کے استعمال ، فروخت اور سمگلنگ کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی کہ بلوچستان میں اس کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ یہ پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشنA 33-کے منافی ہے۔