کوئٹہ: کوئٹہ کے سول اسپتال میں لفٹ گرنے کے باعث 5 نرسوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ اسپتال حکام کے مطابق سول اسپتال کے خالد شاہ فی میل میڈیکل وارڈ کی لفٹ کیبل ٹوٹنے کے باعث گر گئی ۔ حادثے میں لفٹ میں سوار پانچ ہیڈ نرسز اور لفٹ آپریٹر زخمی ہوگئے۔ نرسز میڈیکل وارڈ کی دوسری منزل سے نیچے اتررہی تھیں۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ نرسوں میں پینتالیس سالہ اقبال بانو کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی ہے جبکہ سینتالیس سالہ روبینہ کو بائیں ٹانگ،انسٹھ سالہ ایرنا پروین کو دونوں ٹانگوں، باون سالہ رضیہ کو ہاتھ،ترپن سالہ نصرت کو ہاتھ اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں جبکہ لفٹ آپریٹر مراد خان کو کمر پر شدید چوٹ لگی ہے۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر فرید احمد سمالانی کا کہنا ہے کہ لفٹ اووڈ اور پرانی ہونے کی وجہ سے گری۔