|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2016

کوئٹہ : بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین خلیل بلوچ نے بی ایس او آزادکے انفارمیشن سیکریٹری شبیربلوچ کی آپریشن میں گرفتاری اوراس کے بعد انہیں لاپتہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوآبادیاتی نظام اور استعماریت کے خلاف جدوجہداورمستحکم فکرکی بنیاد پرعلم وشعورپھیلانے کی پاداش میں یکے بعد دیگرے ہمارے چیدہ چیدہ نوجوان عقوبت خانوں کی نذرہورہے ہیں جہاں زاہد بلوچ،ذاکرمجید بلوچ،ڈاکٹردین جان سمیت ہزاروں پیروورنامردوخواتین بلوچ قومی آزادی کی قیمت اپنی جانوں پر انسانیت سوز اذیتیں سہہ کر ادا کررہے ہیں ۔بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کی انفارمیشن سیکریٹری شبیرجان ان میں ایک اضافہ ضرورہیں مگر آخری نہیں کیونکہ تمام عالمی قوانین و اخلاقی اقداراورقومی روایتوں سے محرو م حکمرانوں کے ہاتھوں ہمیں اس سے کئی درجہ گہرے زخم اٹھانے ہیں ،خطے میں عالمی و خطے کی طاقتوں سے مفادات بٹورنے کی گھناؤنے کھیل میں مظلوم اور محکوم قوموں کی قومی تشخص مٹانے ،ان کی قومی آوازدبانے اوران کی تاریخ و تہذیب کو نیست و نابود کرنے کے لئے ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کررہا ہے ۔