|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2016

ماسکو: پاکستان کے ساتھ روس کی جنگی مشقوں نے بھارتی حکام کی راتوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اور تمام تر کوششوں کے باوجود ناکامی کے بعد اب نئی دلی نے ماسکو کو تعلقات متاثر ہونے کی دھمکیاں بھی دینا شروع کر دی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ماسکو میں تعینات بھارتی سفیر پنکج سرن کا روسی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ روسی فوجی تعاون اور مشترکہ مشقوں سے بھارت اور روس کے تعلقات میں سرد مہری پیدا ہوسکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 اکتوبر کو روسی صدر ولادمیر پیوٹن بھارت آرہے ہیں جہاں وزیراعظم مودی اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔ دوسری طرف روسی حکام نے بھارت کی اس فکر کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ روس اس طرح کی جنگی مشقیں خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ بھی کرتا رہتا ہے اس لئے کسی بھی ملک کو تعلقات کے حوالے سے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس خبر کو بھی پڑھیں: روس کا آئندہ سال بھی پاکستان کے ساتھ فوجی مشقیں کرنے کا اعلان واضح رہے کہ پاک روس مشترکہ جنگی مشقیں بھارت کی آنکھ میں پہلے روز سے ہی کھٹک رہی ہیں، پہلے تو بھارتی میڈیا نے افواہیں اُڑائیں کہ اُڑی حملے کے بعد روسی فوج پاکستان نہیں آ رہی لیکن جب روسی فوجی دستے پاکستان پہنچ گئے تو بھارت کسی ناراض ضدی بچے کی طرح شکایتیں لگاتا پھر رہا ہے۔