|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2016

نیو دہلی: بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کے گردے ناکارہ ہونے کے بعد ڈائیلسس پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اب ان کے گردے کے ٹرانسپلانٹ کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے گردے ناکارہ ہونے کے بعد انہیں ڈائیلسس پر منتقل کردیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کے بعد ان کے گردے کی ٹرانسپلانٹیشن ہوگی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سشما سوراج کو طویل عرصے سے لاحق ذیابیطس کے مرض کی وجہ سے گردوں کو نقصان پہنچا تاہم اب ان کی طبیعت بہتر ہے. سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سشما سوراج نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا ڈائیلسس اور دیگر ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جس کے بعد گردے کی ٹرانسپلانٹیشن کی جاسکے گی۔ واضح رہے کہ سشما سوراج کو گردے کی تکلیف کی وجہ سے 7 نومبر کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جب کہ رواں سال اپریل میں بھی طبیعت خراب ہونے کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن انہیں اسپتال سے جلد فارغ کر دیا گیا تاہم اس بار طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے وہ کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔