اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں کبھی مصری مرغیاں آتی تھیں لیکن اب قطری دستاویزات آتی ہیں جب کہ شریفوں کی سیاست بھی سپریم کورٹ میں ہی دفن ہوگی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کیس میں قطر کے شہزادے کا خط پیش کرکے میرے مؤقف کی تائید ہوگئی، باپ کچھ کہہ رہا ہے بیٹا کچھ کہہ رہا ہے جب کہ شریف فیملی نے جعلی دستاویزات جمع کرائی ہیں کیونکہ دستاویزات کی کوئی تصدیق نہیں اور مریم کی دستاویزات کی تصدیق ان کے شوہر کیپٹن صفدرنے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہ ملین درہم ختم ہونے میں نہیں آتے جب کہ ملک میں کبھی مصری مرغیاں آتی تھیں تاہم اب قطری دستاویزات آتی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ سے سیاسی تابوت نکلیں گے کیونکہ نواز شریف نے اپنے پاوٴں پر کلہاڑی ماری ہے، سپریم کورٹ سے کفن بھی نکلیں گے اور دفن بھی ہوں گے جب کہ شریفوں کی سیاست بھی سپریم کورٹ میں ہی دفن ہوگی۔