پشاور /خیبر ایجنسی/راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوی کو ‘ڈرامہ’ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارتی نصاب میں اپنی آئندہ نسلوں کو پاک فوج کے قصے پڑھائے جائیں گے،پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے، جس نے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ کے لیے دفن کردیا، فاٹامیں دہشت گردی کے خاتمے میں فوج اورایف سی نے نمایاں کام انجام دیا ،دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کو کامیابی سے ختم کردیا گیا ،عوام کے تعاون سے دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد ملی،انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کو مکمل کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قبائلیوں کا اتحاد ناقابل شکست بن چکا ہے،میرا جینا اور مرنا ملک کے لیے ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہدا کے لواحقین کے لیے وقف کردوں گا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاٹااورپشاورکاالوداعی دورہ کیا ۔آرمی چیف نے وانا میں پاک فوج اور ایف سی کے افسروں اورجوانوں سے خطاب کیا۔آرمی چیف نے کہاکہ فاٹامیں دہشت گردی کے خاتمے میں فوج اورایف سی نے نمایاں کام انجام دیا ہے ،دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کو کامیابی سے ختم کردیا گیا ہے ۔الحمدللہ قوم کی مدد سے ہم نے انسداد دہشتگردی آپریشنز کو منفرد اور جامع انداز میں مکمل کرلیا ہے ۔ مربوط اقدامات سے متاثرہ علاقوں میں آبادکاری اور استحکام میں مدد ملی ہے ۔بعد میں آرمی چیف نے خیبر ایجنسی کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور باڑ ہ میں جرگے سے خطاب بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے پاک فوج کی حمایت کرنے پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور قبائلی عوام کی بہادری اور جرات کی تعریف کی۔آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج اور قبائلیوں کا اتحاد ناقابل شکست بن چکا ہے ۔جنرل راحیل شریف نے کہاکہ عوام کے تعاون سے دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد ملی،انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کو مکمل کر کے دم لیں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ مل کر لڑی اور جیتی ہے۔آرمی چیف نے باڑہ میں شاہد آفریدی اسٹیڈیمکا سنگ بنیاد بھی رکھا جسے آرمی انجینئر تعمیر کریں گئے۔قبائلی عمائدین نے باوقار طریقے سے واپسی اور پورے فاٹا میں معیاری تعمیر ونو کیلئے پاک فوج کی اضافی کوششوں پر جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا۔خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا میں شاہد خان آفریدی کے نام پر کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاح کے بعد آرمی چیف کا قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارتی نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائے جائیں گے،پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں۔ پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے، جس نے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ انھوں نے اپنے دور میں پاک فوج کا مورال بلند کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ فوج اور عوام کے درمیان رشتہ برقرار رہے۔اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ‘میں پاک آرمی کو خدا حافظ کہہ رہاہوں اور 29 نومبر کو اختیارات سونپ دوں گا۔مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ‘میرا جینا اور مرنا ملک کے لیے ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد میں اپنی زندگی شہدا کے لواحقین کے لیے وقف کردوں گا۔اس سے قبل وانا پہنچنے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے استقبال کیا اور فاٹا کے دورے کے دوران انکے ہمراہ رہے ۔