کوئٹہ : قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کواحتساب عدالت کوئٹہ II کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر 3 سال قید کی سزا سنادی گئی ۔ استغاثہ کے مطابق ملزم اختر حمید اور ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان شفیع محمد ، الٰہی بخش ، عبدالغفار اور منظور حسین نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملی بھگت سے قومی خزانے کو 99 لاکھ ایک ہزار ایک سو 90 روپے نقصان پہنچایا اس سلسلے میں تحقیقات کے بعد ریفرنس عدالت ہذا میں دائر کی گئی جسے منظور کرنے کے بعد مذکورہ ملزم کے پیش نہ ہونے پر بارہاں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے بعد ازاں احتساب عدالت نے پیش نہ ہونے پرزیر دفعات 87 اور 88کے تحت ملزم اختر حمید کو ا شتہاری قرار دیا اور اس سلسلے میں مقامی اخبارات میں اشتہارات بھی مشتہر کئے گئے تاہم اس کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہونے پر گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج نے نیب آرڈیننس 1999 ء کے تحت ملزم کو 3 سال قید کی سزا سنائی ، ملزم کی سزا ان کی گرفتاری کے بعد شروع ہوگی ۔ عدالت نے تفتیشی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں ، احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے دھوکہ دہی کے ذریعے عوام سے 73.73 ملین روپے ہتھیانے کے مقدمہ میں نامزد 3 ملزمان کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر تین تین سال قید کی سزا سنائی اس سلسلے میں انکشاف ہونے کے بعد نیب حکام کی جانب سے تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ ملزمان جاوید اکرم ، خالد اکرم اور حمید عامر تحسین نے عام لوگوں سے دھوکہ دہی کرکے 73.73 ملین روپے ہتھیالئے ہیں جس پر نیب حکام کی جانب سے ریفرنس عدالت ہذا میں دائر کی گئی جس کی منظوری کے بعد ملزمان کے متعدد بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا اجراء کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی وہ روپوش رہے بعد ازاں مذکورہ ملزمان کوپیش نہ ہونے پر زیر دفعات 87 اور 88 کے تحت اشتہاری قرار دیا گیا جن کے اشتہار مقامی اخبار ات میں مشتہر بھی کئے گئے لیکن اس کے باوجود مذکورہ ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ گزشتہ روز عدالت کے جج نے نیب آرڈیننس 1999ء کے تحت ملزمان کو عدم پیشی پر تین تین سال قید کی سزا سنائی اور تینوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔