اسلام آباد : وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے دلیرانہ اقدامات کئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقعہ ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت نے دور رس اقتصادی اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈالا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی معیشت کا شمار اب دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت میں کیا جاتا ہے ۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہاکہ گوادر پورٹ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے گوادر پورٹ کی تعمیر سے پاکستان میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا ۔خصوصاً بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے حوالے سے یہ منصوبہ ایک تاریخ ساز کردار ادا کرے گا ۔ گوادر پورٹ کے قافلے کی روانگی سے پاکستان کی تجارت میں نمایاں فروغ واقعہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اس خطے کی تقدیر بدل دے گا یہ منصوبہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کا منصوبہ ہے اس کو ہر گز متنازعہ نہیں بنانے دیں گے ۔ حکومت پاکستان نے چینی ورکروں اور انجیئرز کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اہم کردار ادا کئے ہیں ۔پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور آڑے وقت میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری ادارے بہت مضبوط ہو رہے ہیں عام انتخابات 2018 میں ہوں گے پاکستان کے غیور عوام نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے والی شکست خوردہ سیاسی عناصر کو مسترد کر دیا ہے ۔ ہماری حکومت نے پارلیمانی بالادستی جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور آزادی صحافت کو یقینی بنانے کے لئے اہم اقدام کئے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ جمہوریت کے دعویدار پی ٹی آئی مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کو یا ہماری دیرینہ دوست ملک ترکی کے صدر کا مشترکہ اجلاس ہو وہ بلاجواز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر دیتے ہیں پی ٹی آئی کی قیادت اپنی انا ، ہٹ دھرمی اور سیاسی ناپختگی کی وجہ سے سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے منشٰور کے مطابق ہیلتھ کیئر پروگرام ، ٹرانسپورٹ ، انفراسٹرکچر اور تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ میٹروبس کا منصوبہ ایک انقلابی منصوبہ ہے ۔ روزانہ لاکھوں لوگ میٹرو کے ذریعے سفر کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شور کرنے والے پہلے کے پی کے میں تبدیلی لائیں ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے حق میں عدالت کا فیصلہ ہر ایک کو تسلیم کرنا چاہئے خواجہ آصف نے سیالکوٹ کے عوام کی خدمت کی اس فیصلے سے سیالکوٹ کے عوام کی جیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے اس پر بات نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے امریکہ میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات ہیں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ تعاون جاری رہے گا ۔ نئے امریکی صدر صدارت سنبھالنے کے بعد اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشتگردی کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور آئے روز بلاجواز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کر کے خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ۔