ایمسٹر ڈیم: ہالینڈ میں مخصوص مقامات پر خواتین کے برقعہ اور نقاب کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ میں مخصوص عوامی مقامات پر خواتین کے برقعہ پہنے اور نقاب کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور پابندی کی خلاف ورزی پر 400 یورو تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، اس قانون کی منظوری ہالینڈ کی ایوان زیریں کے 150 میں سے 132 ارکان نے دی ہے تاہم ابھی ایوان بالا سے اس کی توثیق باقی ہے.
ہالینڈ کے وزیراعظم کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ قانون صرف مخصوص جگہوں کے لیے ہے جہاں سیکیورٹی وجوہات کے باعث چہرہ دکھانا ضروری ہے تاہم اس کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فرانسیسی حکام نے بھی فرانس کے بعض ساحلی علاقوں میں برقینی پہنے پر پابندی لگادی تھی اور وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ یہ سیکیولرزم کے قانون کے منافی ہے تاہم بعد میں عدالت نے پابندی کو معطل کردیا تھا۔