اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔
وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان شاندار لوگوں کا شاندار ملک ہے اور پاکستان جیسے خوبصورت ملک آنے پر خوشی ہوگی، پاکستانی بہت ذہین لوگ ہیں، آپ کے ملک میں شاندار مواقع ہیں اور میرے لیے پاکستان کا دورہ کرنا عزت کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تصفیہ طلب معاملات کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، میں جن پاکستانیوں کو جانتا ہوں وہ بہت منفرد پاکستانی ہیں اس لئے میری طرف سے تمام پاکستانیوں کو بتا دیجیئے کہ وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔
وزیراعظم کا نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت
وقتِ اشاعت : November 30 – 2016