|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2016

کراچی: وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں اس لیے ان کی ذات پربات کرنے کے بجائے ان کے کام پربات کی جائے۔ مزارقائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب کا پیپلزپارٹی کی جانب سے چوہدری نثارکے خلاف بیانات پرکہنا تھا کہ بلاول نےابھی سیاست میں قدم رکھا ہے، چوہدری نثار وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں ، ان کی ذات پربات کرنے کے بجائے ان کے کام پربات کریں، انہوں نے ملک کو پہلی بار نیشنل سیکیورٹی پالیسی دی، وزیرداخلہ چوہدری نثارکے اقدامات کی ہرسطح پر حمایت ہونی چاہیے کیونکہ تمام صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔ کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کی ایما پرشروع کیا گیا اور اسے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن پرعمل درآمد ہورہا ہے، اس میں تمام صوبوں کو برابر نمائندگی پر اختیارات دیے جارہے ہیں، بہترہوگا کہ آئینی اداروں پر سوال نہ اٹھائے جائیں۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات نے دسمبرکا ایک ہفتہ قائد اعظم کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے دوران تعلیمی اداروں اور پبلک سیکٹر میں قائداعظم کی شخصیت سے متعلق پروگرام منعقد کئے جائیں گے، پاکستانی قوم کواتحاد کی ضرورت ہے، اگرہم قائد کے نصب العین پرعمل کریں توجو حاصل کرنا چاہتے ہیں کر سکتے ہیں۔