|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، بالخصوص سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے مخصوص کوٹہ پر عملدرآمد میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ جسمانی طور پر معذور افراد ہر شعبہ زندگی میں برابری کے حقدار ہیں، ان کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں انہیں بھی شراکت دار بنایا جائیگا اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد کے حقوق کا تحفظ ہماری اخلاقی اور شرعی ذمہ داری بھی ہے، انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کو ہدایت کی ہے کہ معذور افراد کو ماہانہ وظائف اور ٹرائی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے لیے سفارشات مرتب کر کے انہیں فوری طورپر پیش کی جائیں، جبکہ ان کے دیگر جائز مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، تاکہ وہ بھی معاشرہ کا کارآمد شہری بن کر اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل ہو سکیں ، وزیراعلیٰ نے خصوصی طور پر معذور بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم اداروں میں تمام ضروری سہولیات اور بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ جلد معذوران کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں گے، تاکہ انہیں جلد از جلد حل کیا جا سکے، وزیراعلیٰ نے معذوروں کی فلاح وبہبود کے قائم غیر سرکاری تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے معاشرے کے تمام حلقوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی آگے آئیں اور معذور افراد کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔