کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ٹراما سینٹر کو فعال کردیا گیا ہے ڈیڑھ ماہ کے دوران 481مریضوں کو ٹراما سینٹر میں علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ،ٹراما سینٹر میں جدید سٹی اسکین مشین انسٹال کردی گئی ہے جس میں ابتدائی 3یوم میں 52افراد کا سٹی اسکین کیا گیا ہے ،سول ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے بعد روزانہ 100سلنڈر آکسیجن کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں کو فعال کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے پیر کو سول ہسپتال کوئٹہ میں آکسیجن پلانٹ اور سٹی اسکین مشین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مسعود نوشیروانی ،ایم ایس ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یوسف بزنجو ،ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹرفرید احمد سمالانی ،ڈی ایم ایس ڈاکٹرسلطان اور دیگر بھی موجود تھے۔ میر رحمت بلوچ نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ٹراما سینٹر کو فعال کردیا گیا ہے جس میں جدید مشینری فراہم کی گئی ہے جبکہ مزید مشینری خریداری کے مراحل میں ہے جو جلد ہی فراہم کردی جائے گی ٹراما سینٹر میں ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران 481مریضوں کو لایا گیا جن میں 100انتہائی سیریس کیسز بھی شامل ہیں جنہیں مکمل علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی اسی طرح ٹراما سینٹر میں 2423مریضوں کو لیبارٹری ٹیسٹ،95مریضوں کے الٹراساؤنڈ،400مریضوں کے ایکسرے ،52کے سٹی اسکین ،207افراد کو خون کے بیگ فراہم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں انسٹال کی جانے والی سٹی اسکین مشین جدید ترین مشین ہے جس سے عوام کو مفت سٹی اسکین کی سہولت میسرآئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں آکسیجن پلانٹ فنگشنل ہونے سے روزانہ 100آکسیجن گیس سلنڈر بھرے جائیں گے جس سے کوئٹہ کے ہسپتالوں سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں کو آکسیجن گیس سلنڈر مفت فراہم کئے جائیں گے اس سے قبل آکسیجن کی خریداری کیلئے سالانہ کروڑوں روپے درکار ہوتے تھے۔ سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ نے کہا کہ ٹراما سینٹر سول ہسپتال کو جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جلد ہی بولان میڈیکل ہسپتال میں واقع ٹراماسینٹر کو بھی مکمل فعال کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کراچی کے ہوٹل میں آتشزدگی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والا ڈاکٹر حشن لاشاری جاں بحق ہوئے ہیں جو اپنے کام کے سلسلے میں کراچی گئے ہوئے تھے ۔