|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2016

خضدار: کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاہے کہ گوادر براستہ خضدار ونگورتوڈیروشاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ 2017کا سال پاکستان کے لئے خوشخبری کا سال ہوگا جب ایم 8 کی صورت میں ایک اوربین الاقوامی گزرگاہ پورے ملک سے لنک ہوگی۔ شاہراہ کا بیشتر حصہ مکمل ہوچکا ہے جس میں چند ہی مقامات پر پہاڑوں کی کٹائی جاری ہے اور باقی کام بھی بہت جلد مکمل ہوگااور اگلے چند ماہ میں یہ شاہراہ آمدو رفت کے لئے کھول دی جائی گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم 8 گوادر رتوڈیرو ونگوشاہراہ کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جی ایم راجہ رمیش پراجیکٹ ڈائریکٹر علی بروہی میر جمعہ خان شکرانی آر ای عزیز اللہ آریانی و دیگر حکام ان کے ہمراہ تھے ۔ اس سے قبل پی ڈی این ایچ اے نے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کو قومی شاہراہ پر کام کی رفتار اور مختلف حصوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاکہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سال 2017ء نہ صرف خضدار بلکہ صوبہ اور پورے ملک کے لئے ایک خوشی کی نوید لے کر آئے گا جب کوئٹہ کراچی قومی مین آرسی ڈی شاہراہ کے بعد ایک اور شاہراہ ایم8کی صورت میں پورے ملک سے لنک ہوگی جس سے بین الاقوامی تجارت اور آمدورفت کے مواقع میسر آئیں گے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لئے یہ شاہراہ بڑی اہمیت کی حامل ہے سی پیک کے لئے ایک اور زمینی راستہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونا قوم کے لئے اہم پیش رفت ہے ۔وفاقی اور صوبائی حکومت وچیئرمین این ایچ اور این ایچ اے کے مقامی ذمہ داروں کی کوششوں کے باعث یہ شاہراہ اب مکمل ہونے کے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک ملک و قوم کے لئے ایک انقلابی پیش رفت ہے جس سے بڑے پیمانے پر ملک اور صوبہ ترقی کرے گا ۔عوام میں خوشحالی آئیگی ۔کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاکہ ضلع خضدار جس محل و وقوع پر واقع ہے وہ بین الاقوامی شاہراہوں کے مرکز اور جنکشن کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے گوادر کے بعد ضلع خضدار کو بڑی اہمیت حاصل ہوگی اور یہ سی پیک کے لئے اہم مرکز کے طور پر متعارف ہوگا ۔انہوں نے این ایچ اے کے عملے کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ اس شاہراہ کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔