|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2016

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمد رند نے کہاہے کہ مصلحتوں کی بناء پربلوچستان کے وسائل پرہاتھ صاف کرنے والو ں کی پردہ پوشی قبول نہیں ۔گزشتہ حکومتوں میں شامل اقتداررہنے والی جماعتوں کے رہنماء 41 ارب روپے کی بدعنوانی کی نشاندہی واعتراف کے ساتھ ساتھ برملاطورپرذمہ داروں کے نام بھی واضح کریں تویہ بلوچستان کے عوام پران کااحسان ہوگا۔بھوک وافلاس ناخواندگی اورپسماندگی کے شکار بلوچستان کے عوام کی آہیں ان ظالموں کوضرورلے ڈوبیں گی جنہوں نے اجتماعی وسائل کواپنی جیبوں میں ٹھونسا اوراپنے گھربھرے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میرمحمداسماعیل لہڑی ،نوبزادہ امین اللہ رئیسانی ،سردارخادم حسین وردگ ،نورالدین کاکڑ،بسم اللہ آغا،نصراللہ رند ،وڈیرہ عرض محمدعمرانی ،کی قیادت میں ملنے والے ،مختلف وفود اورپی ٹی آئی کوئٹہ سٹی کے لیے الطاف حسین رند کی سینئرنائب صدر اورسلیم جبار عرف پیوکی جنرل سیکرٹری نامزدگی کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہی ۔سردار یارمحمدرند کہاہے کہ قومی معیشت اورمستقبل کی ترقی کیلئے سی پیک نہایت اہمیت کاحامل وسیع المدتی منصوبہ ہے تاہم بلوچستان کے عوام اس کے ثمرات سے اس وقت ہی بہرامند ہوسکتے ہیں جب انہیں مختلف تیکنیکی شعبوں میں مہارت حاصل ہو گی لیکن افسوس کی بات ہے کہ صوبائی اوروفاقی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں اس طرح قبل ازوقت کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جیسا کہ دیگرصوبوں خصوصاً پنجاب کی سطح پر ہورہے ہیں غیرہنرمندی کے باعث بلوچستان کے لوگ اس عظیم معاشی واقتصادی منصوبے کے ثمرات سے محروم رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ہی آئندہ انتخابات فیصلہ کن ثابت ہونگے اورانتخابی ہواچلتے ہی بڑے بڑے برج گرنے شروع ہوجائیں گے ۔پی ٹی آئی بلوچستان میں حکومت سازی کرکے عوام کو حقیقی معنوں میں گڈگورننس کاایک ایسا میکنزم دے گی جس میں غریب امیرکی تفریق کے بغیر اجتماعی بہبود کاکام عملی طورپرنظرآئے گا۔