|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2016

تربت: سابق وزیر اعلیٰ اورنیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی کو دہشت گردی کانشانہ بناکر اسے جمہوری سیاسی جدوجہد سے دوررکھنے کی کوشش ایک بارپھر ناکام ہوگی ‘ نیشنل پارٹی کے ضلعی دفترتربت پربم دھماکہ دہشت گردی کابہت بڑاعمل ہے مگر نیشنل پارٹی خودکوکسی صورت اپنے عوام سے دورنہیں رکھ سکتی ‘ برادرکشی کسی صورت بلوچ کے مفادمیں نہیں ‘ مکران کی جیو پولیٹیکل اہمیت کے پیش نظر نیشنل پارٹی اپنا قومی ذمہ داری نبھارہی ہے تاکہ قوم پرستانہ سیاست کے ذریعے بلوچ قومی تشخص اور ساحل وسائل کا دفاع اور طبقاتی سیاست کاخاتمہ کیاجاسکے ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کے ضلعی دفترمیں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پریس کانفرنس میں نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرکہدہ محمد اکرم دشتی ‘ مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی ‘ مرکزی رہنما قاضی غلام رسول بلوچ ‘ مرکزی کمیٹی کے رکن چےئرمین حلیم بلوچ ‘ صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ارکان ملابرکت بلوچ ‘ مشکورانوربلوچ ‘ سنےئررہنما ڈاکٹرمحمدنوربلوچ ‘ ضلعی صدر محمدطاہر بلوچ سمیت مرکزی وضلعی عہدیداراں ا ورکارکنان بڑی تعدادمیں موجودتھے ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ گزشتہ روز تربت میں نیشنل پارٹی کے دفترپر بم حملہ کیاگیا اور بی ایل ایف نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے ‘نیشنل پارٹی کے خلاف بی ایل ایف کی کاروائیاں آج سے نہیں بلکہ شہید مولابخش دشتی اور ڈاکٹرنسیم جنگیان کی شہادت سے جاری ہیں اور اب تک نیشنل پارٹی کے45سے50رہنما وکارکنان شہید کئے جاچکے ہیں اوران سب کی ذمہ داری بھی بی ایل ایف قبول کرچکی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ نیشنل پارٹی کوجمہوری سیاست سے دوررکھنے کی سازش ہے کیونکہ نیشنل پارٹی کی ایک قومی سوچ ہے جو قوم پرستانہ کے ذریعے بلوچ قومی حقوق ‘ساحل وسائل ‘ بلوچ قومی تشخص کی بقاء اور طبقاتی جبرکے خلاف جدوجہد کررہی ہے نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ جب تک عام آدمی بلوچ قومی سیاست میں اپنا کردار ادانہ کرے تب تک بلوچ کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ‘ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی پر الزامات اوربہتان تراشی نئی بات نہیں ‘ نیشنل پارٹی صرف ڈھائی سال حکومت میں رہی مگر جس وقت مولابخش اور نسیم جنگیان کو شہید کیاگیاتب بھی یہی الزامات لگائے تھے اس وقت تونیشنل پارٹی حکومت میں نہیں تھی ‘ نیشنل پارٹی کو اس لئے نشانہ بنایاجارہاہے کہ یہ سیاسی کارکنوں کی ایک منظم سیاسی پارٹی ہے ۔