|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے آواران میں ڈی پی او اور اسسٹنٹ کمشنر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ انہوں نے فائرنگ سے سیکورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ ان کی ان بزدلانہ کاروائیوں سے سیکورٹی ادارے مرعوب نہیں ہونگے ، پولیس لیویز اور ایف سی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردوں کے خلاف اپنی موثر کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں ان کے بلوں سے نکال کر ختم کیاجائے گا اور ان کے مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ۔ وزیراعلیٰ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ سیکورٹی ادارے واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعہ میں ڈی پی او اور اسسٹنٹ کمشنر کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔