|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2016

ریاض: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ خطے میں امن کے لئے دونوں جانب سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے استحکام کے لئے اہم شراکت دار ہیں جن پر مسلم امہ کی بھاری ذمہ داری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے مکمل خاتمے کے لئے تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا۔