انقرہ: ترکی کے دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کے باہر فائرنگ کی گئی جب کہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز روسی سفیر کی ہلاکت کے بعد ترک دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر فائرنگ کی گئی تاہم فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب امریکا نے سفارت خانے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ترکی میں اپنا سفارتخانہ اور قونصل خانے معمول کی سرگرمیوں کے لئے بند کر دیئے ہیں اور اپنے شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایات کی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انقرہ میں ہی پولیس اہلکار نے ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے روسی سفیر کو قتل کر دیا تھا۔