|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2016

ٹنڈو آدم: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ سندھ میں چوہدری نثار کی مرضی کا آئی جی نہیں لگے گا اگر ایسا ہوا تو اس پر اعتراض ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹنڈو آدم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کا نیا آئی جی پولیس 21 یا 22 گریڈ کا افسر ہوگا لیکن صوبے میں چوہدری نثار کی مرضی کا آئی جی نہیں لگے گا، اگر چوہدری نثار کے کہنے پر آئی جی کا تقرر ہوا تو پھر اعتراض ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار پہلے سپریم کورٹ کو بتائیں کہ وہ انتہا پسندوں کے سہولت کار ہیں یا نہیں، پھر ہم تنقید کریں۔ ایک سوال کے جواب پر مراد علی شاہ نے کہا کہ پاناما لیکس پر بلاول بھٹو کے چار مطالبات نہیں مانے گئے تو پھر پوری تحریک چلائیں گے، بلاول بھٹو ہمارے لیڈر ہیں اور وہ عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے این ایف سی ایوارڈ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا وفاق کو چاہیے کہ وہ صوبوں کو بڑھا کر حصہ دے۔ واضح رہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور صوبائی حکومت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو جبری رخصت پر بھیج دیا جس پر چوہدری نثار نے سندھ حکومت کو شدید کا نشانہ بنایا تھا۔