|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2016

کوئٹہ : نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے ملک نصیر شاہوانی ودیگر نے گز شتہ روز ضلع میں انٹراپارٹی الیکشن کے نتائج کو سینٹرل کمیٹی کے اجلاس تک تسلیم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کوئٹہ ضلع میں پارٹی معاملات کو مخصوص گروہ سرمایہ کے بل بوتے پر قبضہ کرنا چارہی ہے جس کی وجہ سے پارٹی کے ادارے مفلوج ہوگئے ہیں ۔ یہ مراعات یافتہ طبقہ اقلیت میں ہونے کے باوجود اکثریتی سیاسی کارکنوں پر حاوی اور غالب رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ اس وقت بھی کرپشن مافیا کی حوصلہ شکنی کی بجائے حوصلہ افزائی کرکے سیاسی کارکنوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اس سلسلے میں تحفظات کے حوالے سے کمیشن قائم کیا گیا جس نے بھی پارٹی آئین کے برعکس ہمارے پانچ کونسل اراکین کو حق رائے دہی سے محروم کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے تحفظات تحریری طورپر الیکشن کمیشن کے سربراہ کو بھجوادیئے ہیں مگر اس کے باوجود بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اس لئے ہم گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کو مسترد کرتے ہیں بلکہ اس کے نتائج کو بھی اس وقت تک تسلیم نہیں کریں گے جب تک سینٹرل کمیٹی کے اجلاس منعقد نہیں ہوتا اس اجلاس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے جس سے میڈیا نمائندوں کو آگاہ کیا جائے گا ۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے اس بات سے انکار کیا کہ نیشنل پارٹی میں گروپ بندی ہے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی متحد ہے تاہم بعض عناصر سرمایہ کے بل بوتے پر اس کی اداروں پر قبضہ کی کوشش کررہی ہے جن کے خلاف ہم اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔