|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2016

اسلام آباد: عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں گرفتارملزمان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں گرفتارملزمان کی اہلخانہ سے ملاقات سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیزصدیقی کی سربراہی میں ہوئی۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا نے موقف اپنایا کہ ملاقات کے دوران ملزمان اوران کے اہلخانہ کے درمیان شیشے کی دیوار ہوتی ہے جس کی وجہ سے اہلخانہ کو فون پر بات کرنی پڑتی ہے لہذا ملزمان کو گھر والوں سے آمنے سامنے بیٹھ کر ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے جیل مینوئل کے مطابق ملزمان کی گھر والوں سے ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سیکورٹی خطرات کے پیش نظر ملاقات میں احتیاط کی جاتی ہو گی۔