|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

کوئٹہ : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارت اور دوسری عالمی طاقتیں بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا رہی ہے ،ہمیں ترقی کے اس سفر کے خلاف جاری سازشیں اور حربے ناکام بنانے کیلئے عزم مصمم کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا ،آف شور کمپنی کے الزام میں وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا درست نہیں ،آف شور کمپنیاں بنانے ،قومی دولت لوٹنے اور مالیاتی اداروں سے قرضے لیکر معاف کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ،جمعیت صوبائی حکومت کاحصہ ضروررہی ہے تاہم اس سے وزیراعلیٰ کا عہدہ کبھی نہیں ملا ،گوادرکو میگا سٹی بنانے کی بجائے ماڈل سٹی بنانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی صدر نور خان ترین ایڈووکیٹ کی ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،پریس کانفرنس کے موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندرا یڈووکیٹ، جمعیت کے مرکزی رہنماء وسابق گورنر سید فضل آغا ،ضلع پشین کے سابق ناظم و ضلعی امیر مولانا کمال الدین ،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی سید مطیع اللہ آغا ،مرکزی سالارعابد لاکھیواوردیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ اور موجودہ ادوار میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے وہ عناصر اور ممالک کارفرماہے جو پاک چائنا اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ،اس منصوبے سے بھارت کو شدید تشویش اور پریشانی ہے وہ اس سے ناکام بنانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہے ،عالمی طاقتیں بھی نہیں چاہتی کہ چین کی رسائی دنیا بھر تک ممکن ہو ،انہوں نے کہاکہ حکومت اور ریاست کا روز اول سے ہی امریکہ کی طرف جھکاؤ درست نہ تھا اگر ہم ماضی ،حال اور مستقبل کو سامنے رکھے توپتہ چلتاہے کہ امریکہ نے کسی بھی موڑ پر اور مشکل وقت میں پاکستان کی مدد نہیں کی اور نہ ہی اس کا ساتھ دیا ہے دوسری جانب چین نے کشمیر ،ایل او سی اور دیگر معاملات پر پاکستان کا روز اول سے ہی بھرپورساتھ دیاہے ،ہم بھی چین کی خودمختاری کو چیلنج کرنیوالوں کے خلاف چین کیساتھ کھڑے ہیں ،چین کے ساتھ پاکستان کا دوستی اور محبت کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری وساری ہے ،انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری ترقی کی سفر کا آغاز ہے جس سے روکنے کیلئے ہمیں دشمن کے تمام سازشوں اور حربوں کو عزم مصمم کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے ناکام بنانا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے حلب اور برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے بدترین مظالم کے خلاف احتجاجی جلسے ،جلوس اور مظاہرے کئے جارہے ہیں تاکہ دنیا پر حلب اور برما میں مسلمان بچوں ،بوڑھوں ،خواتین اور جوانوں پر ڈھائے جانیو الے انسانیت سوز مظالم کو عیاں کیاجاسکے ،انہوں نے کہاکہ حلب اور برما سمیت دنیا کی مختلف حصوں میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے سلسلے میں اقوام متحدہ ،او آئی سی ،عرب لیگ اور نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب روس اور امریکہ جیسے اسلام اور انسنایت دشمن قوتیں اپنا غصہ شام کے معصوم بچوں کا خون بہا کر ٹھنڈا کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ نئے شامل ہونے والوں نے مشکل راستہ اختیار کیاہے تاہم کوئی مشکل ایسا نہیں جو زندگی بھر انسان کے ساتھ رہے ،ہم نے بھی سیاست کی اور جیلیں کاٹی ،ضیاء دور میں آمریت کے خلاف نعرے بازی پر ایک سال قید بامشقت اور دس کوڑوں کی مجھے بھی سزا سنائی گئی ۔