|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ii کے جج جناب پذیر بلوچ نے گندم خردبرد کے مختلف کیسز میں نامزد سابق صوبائی وزیرخوراک اسفند یار خان کاکڑ اور دوسرے ملزم ظاہر خان جمالدینی کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کرے ،گزشتہ روز نیب عدالت میں دائر ریفرنسز کی سماعت شروع ہوئی تو اس موقع پر سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ اور ایک اورملزم ظاہر خان جمالدینی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے ان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اور نیب حکام کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ ملزمان کوگرفتار کرکے اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کرے ۔واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ اور ظاہر خان جمالدینی کے خلاف دائر ریفرنسز میں سرکاری گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم بوریاں غائب کرنے کا الزام ہے ،مذکورہ ملزمان کے عدالت سے درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری مسترد کی جاچکی ہے جس کے بعد سے وہ ریفرنسز کی سماعت کے دوران پیش نہیں ہورہے جس پر عدالت نے گزشتہ روز ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراء کاایک مرتبہ پھر حکم دیاہے ۔