|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

کراچی: مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ہماری مفاہمت نواز شریف کے ساتھ نہیں جمہوریت کے ساتھ ہے اور مسلم لیگ (ن) عقل کے اندھوں اورتنگ نظروں کی جماعت ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مفاہمت نوازشریف کے ساتھ نہیں جمہوریت کے ساتھ ہے، مسلم لیگ (ن) عقل کے اندھوں کی جماعت ہے، ن لیگ تنگ نظروں کی جماعت ہے، اب ان سے مفاہمت نہیں ہوسکتی، ہمارا اب ن لیگ سے جھگڑا ہے اور اسے اب جانا ہوگا۔ آصف زرداری کی وطن آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی آمد سے پارٹی کارکنان بہت خوش ہیں لیکن ان کے آنے کے اعلان سے کھلبلی مچ گئی ہے، آصف زرداری کے آنے سے کہیں پریشانی اور کہیں غصہ فطری ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عمران خان کے مارچ پر جمہوریت کا ساتھ دیا اور آئین کو اصل صورتحال میں بحال کرنا آصف زرداری کے دور صدارت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کے لیے ہمیں بہت کامیابیاں حاصل ہوئیں، کورکمانڈر اورڈی جی رینجرز نے شہر میں امن کے لئے بہت کام کیا ہے جنہیں سلام پیش کرتا ہوں۔