|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2016

اوستہ محمد: سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جان محمد خان جمالی کی جانب سے نصیرآباد ڈویژن مسلم لیگی اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔جس میں میر ظہور خان کھوسہ،میر عبدالغفور لہڑی ،میر فائق خان جمالی،میر سلیم خان کھوسہ،سابق نگران وزیراعظم ہزار خان کھوسہ،میر بہرام خان بلیدی،شوکت بنگلزئی اور علاقے کے قبائل نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ میر جا ن محمد خان جمالی کے فرزند میر فاروق خان جمالی،میر اسد خان جمالی آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کر رہے تھے۔۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر جان محمد خان جمالی ،میر ظہور خان کھوسہ،میر عبدالغفور لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نصیرآباد اتحاد کا مقصد یہاں کے بنیادی حقوق لینا ہے۔کیونکہ نصیرآباد ڈویثرن کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔یہاں کے میڈیکل کالج ، یونیورسٹی اورزرعی کالج کی منظوری کے باوجود بھی یہ علاقہ اپنے حق سے محروم ہے۔پٹ فیڈر کینال کی توسیع کی جائے تاکہ یہاں پینتالیس ہزار ایکٹر زرعی زمین گرین بیلٹ آباد ہو سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ ہولڈر ہیں جو اس اتحاد پر تنقید کر رہے ہیں وہ خود آزاد حیثیت سے مٹکا کے نشان پر الیکشن لڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وفاق اور صوبے نے ہمارے نصیرآباد ڈویژن کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔کوئٹہ کے بعد بڑی آبادی ہمارے نصیرآباد کی ہے۔مسلم لیگ (ن) نصیرآباد کا گڑھ بن چکا ہے اور مختلف قبائل ہمارے اس اتحاد میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔اس اتحا د سے مخالفین بوکھلاہٹ کے شکار ہیں۔مگسی اور ڈومکی کے ساتھ مسلسل ہم رابطہ میں ہیں۔ہم کوشش کریں گے کہ ان کو بھی اپنے ساتھ لے کر چلیں۔میر ظہور خان کھوسہ نے کہا کہ سابق نگران وزیراعظم ہزار خان کھوسہ نے یونیورسٹی کمپلیکس منظور کروایا تھا لیکن بد قسمتی سے یہاں کی عوام کو اس سے بھی محروم رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اکثریت ہونے کے باوجود بھی احساس محرومی کے شکار ہیں اب ہم اپنے اتحاد کے پلیٹ فارم سے عوام کے حقوق لیں گے۔مردم شمار ی میں افغان مہاجرین کو شامل نہ کیا جائے اور بلوچستان میں رہنے والوں کے نام صیح معنوں میں مردم شماری میں شامل کیا جائیں۔میر غفور خان لہڑی نے کہا کہ ہم سب منتخب نمائندے ہیں اور عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ عوام کے حقوق کیلئے کبھی بھی سودے بازی نہیں کریں گے۔اس موقع پر میر غلام مصطفی رند ،میر شبیر خان عمرانی،میر عرفان خان جمالی،میر زبیر خان جمالی،میر حیدر خان جمالی،میر حسن خان جمالی،میر عبدالخالق خان جمالی،میر جمعہ خان مری،حاجی علی حیدر صوبدرانی ،حاکم خان جمالی،میر صوبہ خان رند،سکند ر سلطان،میر سراج خان رند بھی موجود تھے۔