|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2016

کوئٹہ: ارکان پارلیمنٹ اور نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان سے افغان مہاجرین کی واپسی اور صوبے کے 4اضلاع سے امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی دوبارہ آباد کاری تک مردم شماری کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے اگر حکومت ہمارے دونوں مطالبات مان لیتی ہے تو ہم مردم شماری کیلئے آنے والوں کا پھولوں سے استقبال کرینگے ،نیشنل پارٹی ترقی یافتہ اور پڑھا لکھا بلوچستان دیکھنا چاہتی ہے جس کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں پارٹی کی امن پسندی اور عوام کی خدمت کی وجہ سے نیشنل پارٹی کے رہنماوں اورکارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنارہے ہیں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔یہ بات صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ، سینیٹر کبیر محمد شہی ، صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمن محمد حسنی ، نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کرسمس کے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ کرسمس محبت کا پرچار ہے میں کرسمس کے موقع پر بلوچستان سمیت پورے پاکستان کی کرسمس برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں آباد برادر اقوام میں نفرتیں پیدا کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ایک سازش تھی جس کے خلاف نیشنل پارٹی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے صوبے میں نفرتیں پھیلانے والوں کے خلاف آواز بلند کی ہے جس کی وجہ سے نیشنل پارٹی کے کارکنوں و رہنماوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ہم ایسے عناصر کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ میررحمت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں نیشنل پارٹی بلوچستان کے وسائل کو یہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کرنا چاہتی ہے جس کیلئے ہم جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا مقصد عوام کی خدمت ہے اقتدار ہماری منزل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ،پڑھا لکھا اورپرامن بلوچستان دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی رنجشیں ختم کرکے دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ ہم عدم تشدد کے پیروکار اورہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے صحافیوں نے ہمیشہ آواز بلند کی جس کی پاداش میں انہیں بھی نشانہ بنایا ہم شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔سینیٹر کبیر محمد شہی نے کہا کہ اسلام سمیت تمام مذاہب امن اور بھائی چارہے کا درس دیتے ہیں لیکن ہم نے اپنے لوگوں کو ٹکڑوں میں تقسیم کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا لیکن نے یہاں فرقہ واریت کے نام پر بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سینٹ میں کئی بل زیر غور ہیں نیشنل پارٹی کسی بھی ایسے بل کی حمایت نہیں کریگی جس میں اقلیتوں کو نقصان پہنچنے کاا ندیشہ ہو۔ میر کبیر محمد شہی نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کااعلان کیا ہے نیشنل پارٹی مردم شماری کی مخالفت نہیں ہے لیکن 35لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی موجودگی اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بلوچستان کے 4اضلاع سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آباد کاری تک نیشنل پارٹی کسی بھی مردم شماری کو قبول نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے دو مطالبات تسلیم کر لیتی ہے تو نیشنل پارٹی مردم شماری کیلئے آنے والوں کا پھولوں سے استقبال کریگی افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آباد کار تک مردم شماری کو منسوخ کیا جائے۔سینیٹر کبیر محمد شہی نے کرسچن برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں سمیت ہرشہری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں بلوچستان میں آباد پشتون اور بلوچوں کی اپنی روایات ہیں جس میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی دیگرارکان کے برابر 25کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیمات دی جاتی ہیں اور ہم بلا رنگ و نسل صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔